واشنگٹن، 19/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ملعون سلمان رشدی پر 2022ء میں چاقو سے حملہ کرنے والے 26 سالہ ہادی مطر کے خلاف مقدمے کی سماعت نیو یارک میں ہی ہوگی۔ جمعہ کے روز عدالت نے یہ فیصلہ سنایا کہ ملزم کا مقدمہ اسی مقام پر چلے گا جہاں رشدی پر حملہ کیا گیا تھا۔ ہادی کے وکیل نے دلیل پیش کی کہ اسے نیو یارک میں جانبدارانہ رویے کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اس علاقے میں عرب اور مسلمان آبادی کم ہے، اور اس حملے کی بڑی پیمانے پر تشہیر کی گئی ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ علاقے میں 93 فیصد آبادی سفید فام ہے، لیکن مخالف وکیل نے ان دلائل کی سخت مخالفت کی۔
ہادی مطر کے مقدمے کی سماعت ۱۵؍اکتوبر کو جیوری کے انتخاب سے کچھ دن پہلےروچیسٹر کی عدالت کے فیصلے تک روک دی گئی تھی، ۔مقدمے کی سماعت کی نئی تاریخ فوری طور پر مقرر نہیں کی گئی ۔واضح رہے کہ ہادی پر الزام ہے کہ اس نے ایک ادارے میں جہاں رشدی تقریر کرنے والاتھا، اس سے پہلے اس پرایک درجن سے زیادہ بار چاقو سے وار کئے۔ تب اسے دیگر افراد نے پکڑ لیا ۔ اس حملے میں شیطانی آیات نامی کتاب کے مصنف کو شدیدزخم آئے تھے،اس کے علاوہ اس حملے میں اس کی ایک آنکھ بھی ضائع ہو گئی تھی۔اس کے ساتھ ہی اس تقریب کا انعقاد کرنے والا بھی اس حملے میں زخمی ہو گیا تھا۔مطر پر قتل کی کوشش کا مقدمہ دائر کیا گیا۔اس کے علاوہ مطر نے بفیلو کی ضلع عدالت میں دہشت گردی کےمتعلق الزامات کا اعتراف کیا ہے۔